حیدرآباد،28؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)ریو اولمپکس کی چاندی تمغہ یافتہ شٹلر پی وی سندھو اور کانسہ تمغہ یافتہ پہلوان ساکشی ملک کو جمناسٹ دیپا کرماکر اور بیڈمنٹن کوچ پلیلا گوپی چند کے ساتھ آج یہاں عظیم کرکٹر سچن تندولکر نے ایم ڈبلیو کاریں دی۔حیدرآباد ضلع بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر چمڈیشورناتھ نے ان چاروں کھلاڑیوں کو حال میں ختم ہوئے ریو اولمپکس میں شاندار کارکردگی کے لئے یہ لگژری کاریں پیش کی ہیں۔تندولکر ریو اولمپکس میں ہندوستانی ٹیم کے خیر سگالی سفیر تھے، انہوں نے یہاں گوپی چند بیڈمنٹن اکیڈمی میں منعقد ایک پروگرام میں کاروں کی چابیاں ان کھلاڑیوں کو سونپی۔چیف کوچ گوپی چند کی رہنمائی میں سندھو نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا، جس سے وہ اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون کھلاڑی بنی تھی۔پہلوان ساکشی نے خواتین کے فری اسٹائل 58کلوگرام مقابلے میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔دیپا کافی قریب سے تمغہ سے چوک گئی تھی، وہ اپنے وولٹ مقابلے میں چوتھے مقام پر رہی تھی۔